اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) توہین الیکشن کمیشن کیس،الیکشن کمیشن نے فواد چوہدری کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن میں سابق پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کیخلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت ہوئی،چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 5 رکنی کمیشن نے سماعت کی۔ فواد چوہدری کے وکیل فیصل چوہدری الیکشن کمیشن میں پیش نہ ہوئے۔معاون وکیل نے بتایا کہ فیصل چوہدری سیشن کورٹ میں مصروف ہیں،فیصل چوہدری کے معاون وکیل نے کاز لسٹ الیکشن کمیشن میں جمع کرائی۔ چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دئیے کہ یہ بہانہ ہے،الیکشن کمیشن 28 فروری سے اب تک کیس کی 6 سماعتیں کر چکا ہے،فواد چوہدری تاحال الیکشن کمیشن میں پیش نہیں ہوئے۔ الیکشن کمیشن نے فواد چوہدری کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا اور انہیں آئندہ سماعت پر پیش ہونے کا حکم دے دیا۔کیس کی مزید سماعت 15 جون تک ملتوی کر دی گئی۔