اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے داخلہ و عدالتی امور عطا اللہ تارڑ نے وکیل عبد الرزاق شر کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عبدالرزاق شر بلوچستان ہائی کورٹ میں عمران خان کے خلاف غداری کے مقدمے کی مکمل پیروی کر رہے تھے ،ٹارگٹ کلنگ کا ذمہ دار عمران احمد خان نیازی ہے ، مقدمے میں نامزد کیا جائے گا اور قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے ۔منگل کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ کوئٹہ میں ایک انتہائی اندو ہناک واقعہ پیش آیا جس میں کوئٹہ بار کے ایک سینئر رکن اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف سنگین غداری کے مقدمے میں وکیل عبدالرزاق شر کو ٹارگٹ کلنگ کے ذریعے شہید کر دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ عبدالرزاق شر بلوچستان ہائی کورٹ میں عمران خان کے خلاف غداری کے مقدمے کی مکمل پیروی کر رہے تھے اور اگلی سماعتوں کے دوران اس مقدمے کا فیصلہ متوقع تھا۔ معاون خصوصی نے کہا کہ عبدالرزاق شر کو انتہائی بے دردی اور سفاکانہ طریقے سے شہید کیا گیا۔انہوں نے کہا چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف آرٹیکل 5 اور 6 کے تحت سنگین غداری کا مقدمہ بلوچستان ہائی کورٹ میں سماعت کے لئے مقرر ہو چکا تھا اورگزشتہ روز اس پر بحث ہونی تھی اور سماعت سے ایک روز قبل ایک سینئر وکیل کو انتہائی سفاکی کے ساتھ قتل کیا گیا جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ معاون خصوصی نے کہا کہ یہ مقدمہ عدم اعتماد کے فائنل ہونے کے بعد قومی اسمبلی توڑنے سے متعلق تھا اور اس کیس میں سنگین غداری ثابت ہونا متوقع تھی اس لیے عبدالرزاق شر کو ایک اندوہناک واقعہ میں شہید کر دیا گیا۔