کراچی (نمائندہ خصوصی) پیپلز پارٹی کے نامزد میئر کراچی مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ یہ شہر سب کا ہے اور سب مل کر چارٹر آف کراچی بنائیںگے۔سندھ حکومت کے ترجمان اور پیپلز پارٹی کی جانب سے نامزد میئر کراچی مرتضی وہاب نے کراچی میں کاٹی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں پیپلز پارٹی، جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی کا مینڈیٹ ہے۔ میں آج بھی کہتا ہوں انا کو رد کر دیں اور شہر خدمت، کام اور بہتری پر فوکس کریں۔ یہ شہر سب کا ہے اس لیے سب مل کر اس کی ترقی کے لیے چارٹر آف کراچی بنائیں۔مرتضی وہاب نے کہا کہ میں شیخ رشید یا نعیم الرحمان نہیں جو پیش گوئی کردوں کہ میئر میں ہی بنوں گا لیکن ہمارا اور جماعت اسلامی کا 43 سیٹوں کا فرق ہے اور انشا اللہ 15 جون کو پی پی بلدیہ کراچی کی کمان سنبھال لے گی تاہم میں نے تو میں نے ابھی تک شیروانی نہیں سلوائی ہے۔مرتضی وہاب نے کہا کہ اگلے 4 سال میں دودھ اور شہد کی نہریں بہانے کا دعوی تو نہیں کرتا مگر بہتری ضرور نظر آئے گی لیکن جماعت اسلامی والے روز دھرنا دیں گے تو کام کیسے چلے گا۔ ایسا نہ ہو کہ میں پتھارے ہٹاوں تو جماعت اسلامی سفارش کرے۔ اب ہمیں دھرنوں، احتجاج اور الزام تراشی کی سیاست سے باہر نکلنا ہوگا۔انہوںنے کہا کہ پیپلز پارٹی کی لیڈر شپ نے مجھ پر اعتماد کیا جس پر میں آصف زرداری اور بلاول بھٹو کا شکر گزار ہوں۔ اس شہر میں کاروباری اور مزدور ہر طبقہ ہمارا ہے، اگر میئر بنا تو آپ لوگوں سے روابط مزید استوار ہوں گے۔ آپ کی آواز وفاق اور صوبے میں موجود ہیں اور 15 جون کے بعد آپ کی آواز کراچی میں بھی مضبوط ہوگی۔ ہم کراچی میں کمرشل وائبلٹی پر کام کریں گے۔