اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے ماحولیات کے عالمی دن کے موقع پرکہا ہے کہ پلاسٹک سے پیدا ہونے والے آلودگی کے اثرات سنگین اور طویل مدت ہوتے ہیں جن سے نہ صرف ماحول کو ناقابل تلافی نقصان پہنچتا ہے بلکہ زندگی کے شعبے کیلئے خطرات پیدا ہوتے ہیں۔ اپنے بیان میں وفاقی وزیر شیری رحمان نے اس سلسلے میں فوری اقدامات کی ضرورت پر زور دیا اور کہاکہ اگر ضروری احتیاطی اقدامات نہ کیے گئے تو2060 تک پلاسٹک کی پیداوار بڑھ کر تین گنا ہو جائے گی۔ وفاقی وزیر نے وزیر نے سیون آرزکے ایکشن ایجنڈے کا اشتراک کیا جو پلاسٹک کی آلودگی سے نمٹنے اور پلاسٹک کے فضلے کو کم کرنے کی طرف اپنے سفر کا آغاز کرنے کے ملک کے عزم کی نشاندہی کرتا ہے۔ یہ سیون آرزکم، دوبارہ ڈیزائن، دوبارہ استعمال، ری سائیکل، ذمہ داری، تحقیق، اور وسائل ہیں۔شیری رحمن نے پلاسٹک کے لیے ایک پائیدار سرکلر اکانومی کو فروغ دینے کے پاکستان کے عزم کو اجاگر کیا جس میں فضلہ، استعمال میں کمی، اور دوبارہ استعمال، ری سائیکلنگ اور مواد کی بازیافت کی حوصلہ افزائی کی گئی۔وفاقی وزیر نے پلاسٹک سے پیدا ہونے والی آلودگی کی روک تھام کے سات نکاتی حکومتی لائحہ عمل سے آگاہ کیا۔