اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام سے متعلق اہم اجلاس ہوا جس میں اتحادی جماعتوں کے پارلیمانی رہنماو¿ں نے شرکت کی۔اجلاس میں آئندہ مالی سال 2023-24 کی بجٹ تجاویز پر غور کیا گیا، شرکائ کو وزارت خزانہ اور وزارت منصوبہ بندی کی جانب سے ترقیاتی بجٹ پر بریفنگ دی گئی، ارکان اسمبلی کی ترقیاتی سکیموں اور فنڈز کی فراہمی سے متعلق بھی غور کیا گیا۔شہباز شریف نے متعلقہ محکموں کو عوامی فلاح کے جاری منصوبے فوری مکمل کرنے اور معاشی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے منصوبے تشکیل دینے کی ہدایت کی، وزیراعظم نے بجٹ میں پسے ہوئے طبقے کو ریلیف دینے کا عندیہ دیا۔وزیر اعظم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں ترجیحات کا تعین کرنا ضروری ہے، عوام کی بہتری کیلئے سستے اور معیاری منصوبے بنائے جائیں، گیارہ سو ارب کا وفاقی ترقیاتی پروگرام پاکستان کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔شہباز شریف نے مزید کہا کہ آئندہ بجٹ کا محور ترقی، عوامی فلاح اور کاروبار دوست پالیسیاں ہوں گی، آئندہ مالی سال میں شرح نمو اور روزگار کے مواقع بڑھانے کیلئے پی ایس ڈی پی کے حجم کو 700 سے بڑھا کر 950 ارب روپے کیا جا رہا ہے۔وزیر اعظم نے کہا ہے کہ آئندہ مالی سال پاکستان کیلئے معاشی ترقی کا سال ہوگا، بجٹ میں مشکل معاشی صورتحال کے باوجود موجود وسائل کو بہترین طریقے سے بروئے کار لانے کی پالیسی اپنا رہے ہیں، سیلاب متاثرہ علاقوں کی ترقی و تعمیر نو کیلئے بھی خطیر رقم رکھی جا رہی ہے۔