باغ (نمائندہ خصوصی) مسلم لیگ ن کی چیف ا?رگنائزر و سینئر نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ نوازشریف کی سیاست ختم کرنے والی جماعت کرچی کرچی ہو گئی، بنکر میں چھپ کر بیٹھنے والے کو عوام نشان عبرت بنا دیں گے۔باغ آزاد کشمیر میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ خالص کشمیری ہیں کوئی سیاسی نعرہ نہیں، آج ہم کشمیر کی وادی میں کھڑے ہیں، کشمیر کے ہر گھر میں شہدا موجود ہیں۔مریم نواز نے کشمیر کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کے شہدا کو سب کا سلام، وطن کے لیے جانیں قربان کرنے والوں کو سلام، شہدا کی یادگاروں کو جلانے والوں کا احترام نہیں کریں گے، شہدا کی بے حرمتی کرنے والا ہم میں سے نہیں ہو سکتا، شہدا کے مجسموں کو توڑنے والا پاکستانی نہیں ہو سکتا۔انہوں نے کہا کہ کوئی کتنا بھی غصے میں ہو کوئی پاکستانی ملک کو آگ لگانے کی جرات نہیں کر سکتا، 9 مئی کو جو کچھ ہوا پورا آزاد کشمیر شرمندہ ہے، شہدا کے ساتھ ایسا سلوک کرنے والے کو قوم معاف نہیں کرے گی، وہ چھپ کر بنکرمیں بیٹھا ہے، عوام اسے نشان عبرت بنا دیں گے۔نائب صدر ن لیگ نے کہا کہ یہ شخص ٹرمپ کے پہلو میں بیٹھ کر کشمیر کا سودا بھی کر کے آیا تھا، قوم اسے معاف نہیں کرے گی۔