لاہور(نمائندہ خصوصی) وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت مسلم لیگ (ن) کا اہم اجلاس پارٹی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاﺅن میں منعقد ہوا ۔اجلاس میں مریم نواز، حمزہ شہباز ،خواجہ سعد رفیق، رانا ثنا اللہ، سردار ایاز صادق سمیت دیگر شریک ہوئے ۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں ملکی موجودہ سیاسی و معاشی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ شرکاءنے مشکل ترین حالات میں وفاقی بجٹ کو بہترین قرار دیتے ہوئے وزیراعظم اور ان کی معاشی ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا ۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے سوموار کو پیش ہونے والے صوبائی بجٹ کے خدو خال کے حوالے سے بھی آگاہ کیا ۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں آئندہ ماہ ہونے والے ضمنی انتخابات کے حوالے سے تفصیلی حکمت عملی پر بھی غور کیا گیا۔ضمنی انتخابات والے حلقوں میں مریم نواز کو ریلیاں اور جلسے کرنے کی ہدایت کی گئی ۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی مشکلات کا احساس ہے ،نیک نیتی سے عوامی مسائل حل کرنے کے لئے کام، کام اور صرف کام کر رہے ہیں، منفی پراپیگنڈہ کرنے والوں کی سیاست خودبخود دم توڑ رہی ہے، لوڈ شیڈنگ کو کنٹرول کرنے کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں،لوڈشیڈنگ کا مقابلہ کرنے کے لئے وفاقی بجٹ میں سولر پینلز پر سیلز ٹیکس ختم کر دیا ہے۔ شہباز شریف نے مزید کہا کہ سیاسی انتہا پسندی کے خاتمے کے لئے عوام کو متحد ہونا ہو گا۔