کراچی(نمائندہ خصوصی) وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال 2023-24کے بجٹ میں ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی کے لیے ترقیاتی فنڈز مختص کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق رواں مالی سال 2023-24میں صوبوں کے ترقیاتی بجٹ میں 118 ارب روپے کی کمی متوقع ہے۔صوبہ سندھ کا ترقیاتی بجٹ سب سے زیادہ 617 ارب روپے ہوگا،اس سلسلے میں وفاقی بجٹ 2023-24میں کراچی کے منصوبوں کیلئے فنڈز تجویز کیے گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق کراچی میں سڑکوں، گلیوں، نکاسی آب اور پانی کے مختلف منصوبوں کیلئے فنڈز تجویز کیے گئے ہیں جس کیلئے ضلع کورنگی، ملیر میں سڑکوں، گلیوں،نکاس آب کے منصوبوں کیلئے15کروڑ روپے کی تجویز زیر غور ہے۔ذرائع کے مطابق ضلع شرقی کراچی میں وفاقی بجٹ کے تحت منصوبوں کیلئے 15کروڑ روپے، ضلع جنوبی و غربی میں کے ایم سی منصوبوں کیلئے15 کروڑ روپے رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔اس کے علاوہ وسطی کراچی کی مختلف یونین کونسلز کے منصوبوں کیلئے بھی15کروڑ روپے، گرین لائن کراچی کیلئے ایک ارب 12کروڑ روپے کا بجٹ تجویز کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق کراچی میں آئی ٹی پارک کے قیام کیلئے76کروڑ روپے، سائٹ انڈسٹریل اسٹیٹ کراچی میں سڑکوں کی بحالی و تعمیر کیلئے ایک ارب روپے اور اے ای ایم سی کراچی کی اپ گریڈیشن منصوبے کیلئے ایک ارب33 کروڑ روپے تجویز دی گئی ہے۔