کراچی (بیورو رپورٹ ) محکمہ اقلیتی امور حکومت سندھ کے تحت درگاہ جہانیاں شاہ حیدرآباد کے ہال کی توسیع اور تزئین و آرائش کے کام کا افتتاح کردیا گیا۔صوبائی وزیر اقلیتی امور گیان چند ایسرانی نے کام کا افتتاح کیا- اس موقع پر متولی درگاہ سید قطب علی شاہ جہانیاں،سید عطر حسین شاہ جہانیاں،مرشد جہانیاں شیوا منڈلی، مکیش کمار،سریش کمار،سورج کمار، چیتن مل،پیلاج رائے، دیوان لیکھراج، ڈاکٹر ٹیک چند،ہیرا لعل،متعلقہ حکام اور لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ صوبائی وزیر گیانچند ایسرانی نے وہاں موجود میڈیا کے نمائندوں اور شہریوں سے بات چیت کرتے ہوئےکہا کہ محکمہ اقلیتی امور اقلیتی برادری کی عبادت گاہوں کی تعمیر ومرمت اور تزئین و آرائش پر بھرپور طریقے سے کام کر رہا ہے ، درگاہ جہانیاں شاہ کے ہال کی توسیع اور تزئین و آرائش سے زائرین کو اپنی مذہبی رسومات ادا کرنے میں آسانی ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ اقلیتی امور نے رواں سال ریکارڈ ترقیاتی کام کروائے ہیں اور یہ سلسلہ اب بھی تیزی سے جاری ہے ،انہوں نے کہا کہ سینکڑوں ترقیاتی اسکیمیں صوبے بھر میں جاری ہیں ۔ جس میں مندروں ، گرجا گھروں ، شمشان گھاٹ سمیت اقلیتی برادری کی عبادت گاہوں کی بہتری کی اسکیمیں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے محکمہ کے متعلقہ ونگ کو ہدایت دی ہے کہ رواں مالی سال کے اختتام تک زیادہ سے زیادہ ترقیاتی اسکیمیں مکمل کر لی جائیں۔اس سلسلے میں کوئی کوتا ہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے ادوار حکومت میں ہمیشہ اقلیتی برادری کو اہمیت ملی ہے اور اقلیتی برادری کی فلاح و بہبود سمیت ان کی عبادت گاہوں کی تزئین و آرائش کے لیے ٹھوس عملی اقدامات کئے گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اقلیتی برادری کا خصوصی خیال رکھنے کا ٹاسک دیا ہے ۔اس لیے میری کوشش ہے کہ میں ان کی توقعات پر پورا اتر سکوں اور اقلیتی برادری کی خدمت کر سکوں دریں اثناء افتتاح کے موقع پر صوبائی وزیر نے ملک کی ترقی، خوشحالی ~وسلامتی اور پارٹی رہنماؤں شریک چئیرمین آصف علی زرداری،چئیرمین بلاول بھٹو زرداری اور ادی فریال تالپور کی صحت اور درازء عمر کے لیے خصوصی دعا بھی کی۔ ۔