لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر اعظم کے معاون خصوصی عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ نو مئی کو فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا، کرپشن کیس پر جو کچھ انہوں نے کیا دشمن بھی نہ کر سکا۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا ہے کہ نو مئی سیاہ دن تھا، مٹھی بھر شرپسندوں نے کارروائیاں کیں، 190 ملین پاونڈ کرپشن کیس کے ردعمل پر آگ لگائی گئی، پرتشدد واقعات کا جواب دینا ہوگا، جیل میں خواتین کے حوالے سے پراپیگنڈا کیا جا رہا ہے، نو مئی واقعات میں ملوث افراد کو سزا ہو گی۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنما عطا اللہ تارڑ نے مزید کہا ہے کہ کرنل شیرخان کے بھائی سے ان واقعات پر معذرت کی، صوابی میں کرنل شیر خان کے بھائی سے معافی مانگ کر آیا ہوں، دشمن نے بھی کرنل شیرخان کی تعریفیں کیں، یاد گاروں کی بے حرمتی پر شہدا کے لواحقین غمزدہ ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ برطانیہ سے آنے والا پیسہ سپریم کورٹ کے اکاونٹ میں جمع کرا دیا گیا، کابینہ میں بند لفافے کو منظور کر لیا گیا، شہزاد اکبر کو پاکستان آکر مقدمات کا سامنا کرنا چاہیے، شہزاد اکبر ملک واپس آئیں گھر کا کھانا، ادویات اور سہولیات دیں گے، شہزاد اکبر واپس آکر اپنے بھائی کی دیکھ بھال کریں۔