حیدرآباد(نمائندہ خصوصی)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان حیدرآباد ڈسٹرکٹ کے زیر اہتمام عائشہ پارک لطیف آباد نمبر آٹھ میں ایم کیوایم کے ذمہ داران کی تربیتی نشست کا اہتمام کیا گیا ۔تربیتی نشست کے اجتماع سے کنوینر ایم کیو ایم پاکستان ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کے محافظ قابل تعریف جبکہ نظام کے محافظ باعث شرمندگی ہیں ہم اس نظام کے خلاف ہیں اور سمجھتے ہیں کہ اس فرسودہ نظام کے محافظوں کی تبدیلی بہت ضروری ہے انہوں نے کہاکہ ایم کیو ایم پیشہ وار سیاسی جماعت نہیں ایک منفرد سیاسی جماعت ہے بلکہ یہ کہا جائے کہ یہ ایک تحریک ہے اور سیاست اس کا ایک حصہ ہے تو درست ہوگا انہوں نے کہا کہ انسان اپنے جسم اور روح کی پرورش کرتا ہے اور ایم کیو ایم روح کی پرورش کا نام ہے، اعلی کردار کے منتخب نمائندے صرف اور صرف اعلی کردار کے کارکنوں کو جنم دیتے ہیں ایم کیو ایم وہ سیاسی جماعت ہے جہاں اجتماعی مفادات ذاتی مفادات سے کہیں زیادہ اہم ہوتے ہیں، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے مزید کہا کہ ہمیں فیصلہ کرنا ہوگا کہ ہم صلاحیتوں کو پروان چڑھائیں گے یا سفارش کو کیوں کہ سفارش نااہل لوگوں کی ہوتی ہے اور صلاحیتوں سے مالا مال لوگ اپنی قوم اور تنظیم کو مرتبہ اور عزت دلاتے ہیں انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے تمام کارکنان قوم کے لیڈر ہیں اور قوم کے لیڈر کو سمجھانا اور سمجھنا اچھی طرح آنا چاہیے کیونکہ قوم کا ہم پر احسان ہے کہ وہ ہمیں مسلسل ووٹ کی طاقت سے کامیاب کرواتی آرہی ہے ہمیں اپنی قوم اور آنے والی نسلوں کے لیے بہت محنت کرنی ہے اور انشاءاللہ بہت جلد اندھیروں کی رات ختم ہوگی اور حق پرستی کا سورج طلوع ہوگا ڈپٹی کنوینر انیس احمد قائم خانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حیدرآباد میں ہونے والا یہ تربیتی اجلاس ایک عوامی اجتماع میں تبدیل ہو چکا ہے جو اس بات کی غمازی کررہا ہے کہ حیدر آباد شہر صرف اور صرف ایم کیو ایم کا ہے انہوں نے کہا کہ دشمن خوفزدہ تمہاری تعداد سے نہیں تمہارے معیار سے ہوتا ہے اور معیار والے ذمہ داران وزن دار ہوتے ہیں انہوں نے کہا کہ ذہنی طور پر کمزور لوگ فیصلے نہیں کر پاتے کہ کیا درست ہے اور کیا صحیح ہمیں ذہنی طور ہر محاذ کے لئے تیار رہنا ہے انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم حق پرستوں کی تحریک ہے اور قول و فعل میں تضاد رکھنے والے حق پرست نہیں ہو سکتےاس لئے ہم سب کو اپنا محاسبہ کرتے رہنا چاہیے انہوں نے کہا کہ میریٹ پر فیصلے کریں تو کامیابی آپ کا مقدر ہوگی اور میریٹ پر فیصلے نہیں ہوں گے تو غلامی آپ کا مقدر ہوگی اس موقع پر ڈپٹی کنوینئر عبدالوسیم اراکین رابطہ کمیٹی سید سہیل مشہدی ڈاکٹر ظفر کمالی، سید وسیم حسین ، شبیر قائم خانی ، ڈاکٹر عبدالقادر خان زادہ، احمد سلیم صدیقی، ایم کیو ایم سندھ تنظیمی کمیٹی کے انچارج سلیم رازق واراکین کمیٹی ایم کیو ایم حیدرآباد ڈسٹرکٹ انچارج ظفر احمد صدیقی و اراکین کمیٹی حق پرست رکن صوبائی اسمبلی ناصر حسین قریشی، راشد خلجی اور حیدرآباد ٹاؤن ویوسیزکے ذمہ داران سمیت شعبہ خواتین کی ذمہ دار باجیوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔