راولپنڈی(نمائندہ خصوصی) شمالی وزیرستان کے علاقے دوسالی میں سکیورٹی فورسز سے جھڑپ کے دوران دو دہشتگرد مارے گئے جبکہ ان سے اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا۔فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے دوسالی میں دہشتگردوں کے خلاف مؤثر جوابی کارروائی کی، فائرنگ کے تبادلے میں دو شرپسند ہلاک ہوئے جن سے ہتھیار برآمد، کر لیے گئے۔ہلاک دہشتگرد سکیورٹی فورسز پر حملوں اور شہریوں کے قتل میں ملوث تھے۔ علاقے میں ممکنہ دہشتگردوں کے خاتمے کیلیے فورسز کا سرچ آپریشن جاری ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مقامی افراد نے آپریشن کی مکمل حمایت اور دہشتگردی کے خاتمے میں تعاون کا عزم کیا۔دو روز قبل دہشتگردوں نے شمالی وزیرستان کے علاقے سپین وام میں پولیو ٹیم پر فائرنگ کی تھی جس میں پاک فوج کا ایک جوان شہید ہوا تھا جبکہ پولیو ٹیم کو بحفاطت نکال لیا گیا تھا۔دہشتگردوں کی کارروائیوں کا مقصد وہاں جاری پولیو مہم کو متاثر کرنے کی کوشش کرنا تھا تاہم پولیو ٹیم کی حفاظت پر تعینات سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں نے مؤثر جوابی کارروائی کی۔اس دوران دونوں جانب سے گولیاں برسائی گئیں لیکن فورسز نے بھرپور مقابلہ کرتے ہوئے پولیو مہم کے تمام ارکان کو علاقے سے بحفاظت نکال لیا۔