اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) سیاسی جوڑ توڑ پر ن لیگ کے تحفظات دور کرنے اور مستقبل کی انتخابی حکمت عملی پر مشاورت و انتخابی اتحاد کےلئے جہانگیر ترین نے نوازشریف سے ملاقات کےلیے لندن جانے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ تحریک انصاف کے تمام سابق اراکین قومی و صوبائی اسمبلی سے ان کے رابطے مکمل ہوچکے ہیں۔ جہانگیر ترین کی جانب سے نئی جماعت کی تشکیل کا مشن جاری، تحریک انصاف کے سابق اراکین قومی اسمبلی اور سینیٹرز سے رابطے مکمل ہو گئے، اب تک تحریک انصاف کے پچاس سے زیادہ سابق اراکین قومی و صوبائی اسمبلی ترین گروپ کو اپنی حمایت کا یقین دلا چکے ہیں، آئندہ عام انتخابات میں مسلم لیگ ن سے ایڈجسٹمنٹ یا انتخابی اتحاد کےلئے جہانگیر ترین آئندہ چند روز میں لندن جائیں گے۔ جہانگیر ترین قائد ن لیگ نوازشریف سے ملاقات کرینگے، ملاقات میں ترین گروپ اور ن لیگ کے درمیان آئندہ کی سیاسی حکمت عملی اور تعاون کا طریقہ کار طے کیا جائے گا، ذرائع کے مطابق ن لیگ نے جہانگیر ترین کی حالیہ سرگرمیوں اور جوڑ توڑ پر تحفظات کا اظہار کیا تھا، جہانگیر ترین نے وزیر اعظم اور نواز شریف دونوں کو پیغام بھجوایا کہ ان کی سیاسی کوششیں ن لیگ کےلیے نقصان دہ نہیں ہونگی۔