اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی )وفاقی حکومت نے سندھ کے سخت اعتراضات کے بعد پانی معاملے پر صوبوں کے درمیان سی سی آئی میں اتفاق رائے سے فیصلہ ہونے تک متنازعہ گریٹر تھل کینال فیز ٹو اور چوبارہ کینال منصوبوں کو موخر کردیا۔ اس ضمن میں بدھ کو وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی صدارت میں ایکنک کا اجلاس ہوا جس میں سندھ سے ایکنک کے رکن سینیٹر نثار کھوڑو نے وڈیو لنک پر شرکت کی۔ اجلاس میں سندھ کے رکن سینیٹر نثار کھوڑو نے پانی کے ان متنازعہ منصوبوں پر وفاق کے سامنے سندھ کے اعتراضات اور سخت خدشات پیش کئے اور سندھ کا موقف پیش کرتے ہوئے کہا کے سندھ نے ان منصوبوں کے خلاف اور پانی کے 91ع معاہدے پر عمل نہ ہونے کے متعلق سی سی آئی میں اپنا کیس پیش کردیا ہے اور سی سی آئی کا ابھی تک کوئی اجلاس نہیں ہوا ہے اس لئے سی سی آئی میں فیصلہ ہونے تک ان منصوبوں کو موخر کیا جائے۔ نثار کھوڑو نے کہا کہ پانی کی تقسیم 91ع کے معاہدے اور پیرا ٹو کے تحت نہیں کی جا رہی ہے اور پانی کی شفاف تقسیم نہ ہونے کی وجہ سے سندھ کو 30 سے 50 فیصد پانی کی کمی کا سامنا ہے ہم اتحادی حکومت کا حصہ ہیں وزیراعظم صاحب پانی کے 91ع معاہدے پر مکمل عمل کرائیں۔انہوں نے کہا کہ پانی کے بہاو کی مانیٹرنگ اور پانی چوری کی روک تھام کے لئے چشمہ، تونسہ اور گڈو بیراج تک ٹیلی میٹری سسٹم ہی نہیں لگایا گیا ہے اور چشمہ کینال میں زیادہ پانی چھوڑا جاتا ہے جبکہ تونسا سے گڈو بیراج تک کم پانی دیا جاتا ہے جس وجہ سے سندھ کو پہلے ہی پانی کا پورا حصہ نہیں دیا جاتا۔انہوں نے کہا کہ پانی معاملات اور ان منصوبوں کے متعلق سندھ کے اعتماد کو بحال نہیں کیا گیا ہے اس لئے اب صوبے کے خدشات اور اعتراضات کو اہمیت ملنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ان ایشوز کے لئے سی سی آئی بہتر فورم ہے جہاں پر فیصلہ ہونا چاہیے، تھل کینال فیز ٹو منصوبہ چشما جھلم لنک کینال کو مستقل کھولنے کےلئے اقدام ہے ان منصوبوں سے صوبوں کے درمیان مزید نفرتیں بڑھیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ارسا میں سندھ کے خدشات کے باوجود ماضی میں ان منصوبوں کی این او سی لی گئی جبکہ سندھ اسمبلی بھی ان متنازعہ منصوبوں کے خلاف قرارداد منظور کرچکی ہے اس لئے سندھ کے خدشات کو اہمیت دے کر ان منصوبوں کو ختم کیا جائے اور موخر کیا جائے۔ اس موقع پروفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ جب تک پانی کے معاملے پر صوبوں کے درمیان سی سی آئی میں فیصلہ نہیں ہوتا تب تک ان منصوبوں کو ملتوی کرتے ہیں۔وفاقی وزیر پاننگ اینڈ دویلپمنٹ احسن اقبال نے کہا کہ جب تک صوبوں کے درمیان پانی معاملے پر اتفاق رائے نہیں ہوتا تب تک ایکنک کوئی فیصلہ نہیں کرےگی۔ نثار کھوڑو کی جانب سے سندھ کا بھرپور موقف پیش کرنے کے بعد وفاقی حکومت نے سندھ کے اعتراضات کو قبول کرتے ہوئے گریٹر تھل کینال فیز ٹو اور چوبارہ کینال منصوبوں کو موخر کردیا۔