لاہور( نیوز ڈ یسک) معروف عالم دین مولانا طارق جمیل نے اپنے اکاؤنٹ میں کروڑوں روپے کی موجودگی سے متعلق سوشل میڈیا پر زیرگردش خبروں پر ردعمل کا اظہار کیا ہے۔حال ہی میں ایک نجی چینل کی جانب سے مولانا طارق جمیل پر اکاؤنٹ میں کروڑوں روپے ہونے اور بیٹے کی ہاؤسنگ سوسائٹی ہونے کا الزام لگایا گیا تھا۔ سوشل میڈیا پر یہ خبر جنگل کی آگ کی طرح پھیلنے پر مولانا طارق جمیل نے ویڈیو پیغام جاری کیا ہے۔یوٹیوب چینل پر جاری ویڈیو میں مولانا طارق جمیل نے صحافی سے گفتگو کے دوران بتایا کہ پہلے بھی مجھ پر ایک خبر کے ذریعے اکاؤنٹ میں 49 ارب ہونے کا الزام عائد کیا جاچکا ہے لیکن اللہ کو حاضر و ناظر جان کر بتارہا ہوں کہ میرے اکاؤنٹ میں کروڑوں ہونے سے متعلق خبروں میں کوئی صداقت نہیں، نہ تو میرے بیٹے کی کوئی ہاؤسنگ اسکیم ہے اور نہ ہی میرے اکاؤنٹ میں کروڑوں روپے ہیں، دروازہ کھلا ہے جو بھی آکر تحقیق کرنا چاہے کرسکتا ہے۔مولانا طارق جمیل کا کہنا تھا کہ یہ دونوں چیزیں غلط ہیں، میں واضح کرنا چاہتا ہوں کہ لوگ میرے اکاؤنٹ میں پیسے بھیجتے ہیں جنہیں میں آگے تقسیم کردیتا ہوں، میں خود بھی کھاتے پیتے گھرانے سے ہوں لیکن کبھی میرے اکاؤنٹ میں کروڑوں روپے نہیں ہوئے
انہوں نے مزید کہا کہ مجھے دین کے راستے پر چلتے ہوئے 52 سال ہوچکے ہیں، میں کبھی مشتبہ مال کے قریب بھی نہیں گیا، میں نے اپنے اور بچوں کے منہ میں کبھی غلط لقمہ نہیں دیا ، میں نے زندگی میں کبھی جھوٹ نہیں بولا ۔
معروف عالم دین کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان کے حالات کیلئے میں روزانہ 50 نفلیں پڑھتا ہوں اور دعا کرتا ہوں اللہ اس ملک کیلئے بہتر کرے۔