اسلام آباد(نمائندہ خصوصی ) سابق وفاقی وزیر اور پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما مراد سعید کا سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر آڈیو پیغام سامنے آگیا جس میں انہوں نے وفاقی حکومت پر کئی سوال اٹھا دیے۔آڈیو پیغام میں مراد سعید کہتے ہیں کہ یہ سارے ہمیں حب الوطنی کا درس دیتے ہیں، حب الوطنی ہماری رگوں میں خون کی طرح دوڑتی ہے، پی ڈی ایم نے پاکستان اور اداروں کے خلاف زہر اُگلا۔مراد سعید نے کہا کہ لندن میں بیٹھ کر لابنگ کرنے والوں سے ملاقاتیں نہیں کیں؟ کیا کٹھمنڈو میں مودی سے چھپ کر ملاقات نہیں کی؟ سجن جندال کو کیا بغیر ویزہ مری نہیں بلایا گیا پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ 9 مئی کے واقعے نے ہر محب وطن کو تکلیف دی، پی ٹی آئی کو کالعدم کرنا ہمیشہ سے آپ کی خواہش رہی، نواز شریف اور مریم نواز ایک سال سے عمران مائنس کی باتیں کرتے رہے، عمران نے اسلامو فوبیا کے خلاف قراردار منظور کروائی۔انہوں نے کہا کہ عمران خان فلسطین اور کشمیر کے سفیر بنے ہیں، ابھینندن انڈیا کا غرور عمران خان دور میں آسمان سے گرا، چیئرمین پی ٹی آئی نے تمام پاکستانیوں کو متحد کیا، بتانا چاہتے ہیں کہ آپ کی سازشیں اور بیانیے ناکام ہوں گے۔