سرینگر(نمائندہ خصوصی)کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میرواعظ عمرفاروق نے کہاہے کہ بھارتی تحقیقاتی ادارے این آئی اے کی طرف سے محمد یاسین ملک کے لئے سزائے موت کی استدعا کرنا جموں کشمیر کے لوگوں کے لئے انتہائی فکر و تشویش کا باعث اور پریشان کن ہے۔
میرواعظ نے جو گزشتہ کئی سال سے سرینگر میں اپنے گھر میں نظربند ہیں ، ایک بیان میں کہا کہ بدقسمتی سے امن اور ترقی کو اپنا ایجنڈا قرار دینے والے قابض حکام کی طرف سے ایک کے بعد دوسری ایسی ہدایات اور حکم نامے جاری کئے جاتے ہیں جو لوگوں کو اکسانے ، ڈرانے دھمکانے اور ان کے خدشات میں اضافہ کرنے کی دانستہ کوشش ہوتی ہے۔انہوں نے ایک بار پھر بھارتی حکومت ، تمام سیاسی جماعتوں اور بھارت کے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ جموں کشمیر سمیت بھارت کی مختلف جیلوں میں نظربند حریت رہنمائوں ، نوجوانوں ، طلباء ، صحافیوں ، انسانی حقوق کے کارکنوں ، تاجروں اور دیگر تمام سیاسی قیدیوں کو بلاشرط رہا کرانے میں اپنا کردار ادا کریں تاکہ امن و مفاہمت کی راہیں تلاش کی جا سکیں اور عوامی اعتماد کی بحالی کے ساتھ تنازعہ کشمیر کو حل کیا جا سکے ۔