اسلام آباد/ واشنگٹن (نیٹ نیوز)امریکی سینیٹ کی خارجہ امور کمیٹی کے سربراہ سینیٹر باب میننڈیز نے پاکستان میں انسانی حقوق کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔پاکستانی امریکن ڈاکٹر آصف محمود سے ملاقات میں سینیٹر باب میننڈیز نے کہاکہ وہ پاکستان میں ہنگامہ آرائی نہیں، استحکام چاہتے ہیں،انہیں پاکستان میں بے گناہ گرفتار پاکستانی امریکنز کے بارے میں تشویش ہے۔دوسری جانب امریکی سینیٹر جان کورنین سے پی ٹی آئی امریکا کے رہنماﺅں سجاد برکی اور عاطف خان کی ملاقات ہوئی۔پی ٹی آئی امریکا کے رہنماﺅں نے دعویٰ کیا کہ سینیٹر کورنین نے کہا ہے کہ وہ معاملہ امریکی سینیٹ میں اٹھائیں گے۔اس کے علاوہ امریکی ایوان نمائندگان میں پاکستان کاکس کی سربراہ شیلا جیکسن کی جانب سے بھی پاکستان کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔شیلا جیکسن نے کہاکہ پرامن مظاہرہ کرنے والوں کو تحفظ ہونا چاہیے۔