لاہور (نمائندہ خصوصی) ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان کی جانب سے بینکوں سے سود پر قرض لے کر یوریا درآمد کرنے کے بعد صوبوں نے یوریا کی سبسڈی کی رقم واپس نہیں کی ۔تفصیلات کے مطابق درآمدی یوریا پرسبسڈی کی رقم کی مد میں تمام صوبے وفاق کے نادہندہ ہیں اور وفاقی حکومت کوصوبوں سے رقم کی وصولی میں مشکلات کا سامنا ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ بلوچستان حکومت نے وفاق کو یوریا پر سبسڈی کی رقم دینے سے انکار کردیا، سندھ حکومت نے سبسڈی کی رقم فراہم کرنے کے لیے کوئی جواب نہیں دیا جبکہ پنجاب اور خیبر پختونخواہ رقم کی فراہمی پر رضامند ہیں تاہم پنجاب اور خیبر پختونخواہ نے سبسڈی کی رقم فراہم نہیں کی۔ذرائع کے مطابق ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان نے بینکوں سے سود پر قرض لے کر چین سے 1 لاکھ میٹرک ٹن یوریا درآمد کر کے صوبوں کو فراہم کی تھی۔30 جون 2023 تک یوریا پر سبسڈی کی رقم بشمول سود 5 ارب 57 کروڑ روپے بنے گی، وفاق اور صوبوں نے درآمدی یوریا پر سبسڈی کی رقم کا 50، 50 فیصد بوجھ برداشت کرنا تھا۔