لاہور (نمائندہ خصوصی) پنجاب حکومت نے 9مئی کو ہونے والے پرتشدد واقعات کی تحقیقات کے لیے مزید 4 جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیمیں (جے آئی ٹیز )تشکیل دیدیں ۔محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے تشکیل دی گئی مشترکہ تحقیقاتی ٹیمیں گلبرگ ، مغل پورہ اور سرور روڈ تھانوں میں درج مقدمات کی تفتیش کریں گی۔جناح ہاﺅس میں توڑ پھوڑ اور جلاﺅ گھیراﺅ کی تحقیقات کے لیے قائم جے آئی ٹی کی کنوینر ایس پی انویسٹی گیشن اقبال ٹاﺅن عقیلہ نیاز نقوی کو مقرر کیا گیا ہے۔جبکہ دیگر ممبران میں پولیس کے 4 دیگرافسران بھی شامل ہیں۔دیگر مشترکہ تحقیقاتی ٹیموں کے لیے ایس ایس پی انویسٹی گیشن اور 3ایس پیز کو کنونیئر مقرر کیا گیا ہے۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے چاروں مشترکہ تحقیقاتی ٹیموں کے حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیئے ہیں۔9 مئی کے واقعات کی تفتیش کے لیے بنائی گئی مشترکہ تحقیقاتی ٹیمیں مقدمات کی تفتیش کرکے رپورٹ مرتب کریں گی۔