پشاور ( نمائندہ خصوصی) وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی و عوامی امور و قومی ورثہ انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ 9 مئی کی توڑ پھوڑ نے عمران نیازی کے منفی ایجنڈے کو بے نقاب کر کے پی ٹی آئی حکومت نے خیبرپختونخوا کو ترقی سے محروم کر دیاہے، پی ٹی آئی حکومت اپنے 9 سالہ دور حکومت میں خیبرپختونخوا کے عوام کو ترقی سے محروم رکھا اور تمام محاذوں پرکارکردگی اجاگر کرنے میں ناکام رہی۔یہاں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انجینئر امیر مقام نے کہا کہ سوات میں 2013-18 کے دوران نواز شریف حکومت کی جانب سے شروع کیے گئے گیس کے منصوبے عمران نیازی کی حکومت نے روکے جس سے عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے 9 سالہ دور حکومت میں خیبرپختونخوا میں ترقی کا عمل بری طرح متاثر ہوا جبکہ سوات سمیت پورا مالاکنڈ ڈویڑن بھی معاشی ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کے پروگراموں سے محروم رہا۔انہوں نے کہا کہ 9-10 مئی کو سول، سرکاری عمارتوں اور دفاعی تنصیبات پر حملوں نے حملہ آوروں کی وحشیانہ ذہنیت کو بے نقاب کیا، 9-10 مئی کی توڑ پھوڑ کے نتیجے میں عوامی، سرکاری اور دفاعی تنصیبات کو جو تباہی ہوئی ہے وہ انتہائی قابل افسوس امر ہے اور مجرم قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے۔انجینئر امیر مقام نے دعویٰ کیا کہ تبدیلی کے نام نہاد چیمپئنوں کے ٹولے نے 9-10 مئی کو سرکاری اور نجی املاک کو اتنا بڑا نقصان پہنچایا ہے جو ملک کی 75 سالہ تاریخ میں دشمن نہیں کرسکا۔انہوں نے کہا کہ پی ایم ایل( این) کا ایجنڈا ور عوامی کی خدمت، ترقی کے گرد گھومتا ہے تاہم انتشار اور فساد سے پاک ہے اور خیبرپختونخوا کے عوام کی محرومیوں کے احساس کو دور کرنے کے لیے دن رات کام کرے گی۔انہوں نے کہا کہ سوات میں گیس کے رکے ہوئے منصوبوں کی ڈیولپمنٹ دوبارہ شروع کر دی گئی ہے اور یہ تمام منصوبے وقت پر مکمل ہوں گے۔