کراچی( نمائندہ خصوصی) پی ٹی آئی کے بانی رہنما سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے بھی تحریک انصاف کر خیرباد کہتے ہوئے کہا کہ خان صاحب آپ کو خدا حافظ کہتا ہوں ۔کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے تحریک انصاف کے تمام عہدوں سے مستعفی ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ آج میری آخری سیاسی پریس کانفرنس ہے۔سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے جیل سے رہائی کا پروانہ ملنے کے بعد پریس کانفرنس کی، سینٹرل جیل حکام کو ان کی رہائی کے آرڈر موصول ہوئے تھے۔عمران اسماعیل نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں ان 4لوگوں میں سے ایک تھا جنہوں نے پی ٹی آئی کا سنگ بنیاد رکھا، ہم نے25سے26سال سیاسی جدوجہد کی اور پونے 4سال ہماری حکومت رہی،میرا عمران خان سے بڑا اچھا تعلق رہا۔عمران اسماعیل نے کہا کہ 9مئی واقعات کا فیصلہ ہونا ابھی باقی ہے، تاہم نو مئی کے واقعات کی پرزور مذمت کرتا ہوں، میرادل اپنے ملک اور فوج کے ساتھ دھڑکتا ہے، میں بچپن میں فوج میں شامل ہونا چاہتا تھا۔سابق گورنر سندھ نے بتایا کہ ہماری حکومت کے ختم ہونے کے بعد کچھ لوگوں نے عمران خان کو غلط گائیڈ کیا اور کہا گیا کہ تحریک انصاف کا مقابلہ فوج سے ہے۔