کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) مویشی منڈی سپر ہائی وے اپنی جوبن پر آگئی ،جمعہ کو شہریوں کی بڑی تعداد میں آمد شروع ہوئی جو رات گئے تک جاری رہی،مویشی منڈی میں اس وقت تک 15ہزار قربانی کے جانور پہنچ چکے ہیں جبکہ منڈی میں تیزی دکھائی دے رہی ہے،مویشی منڈی کے ایڈمنسٹریٹر مظفر حسن نے بتایا کہ اندرون ملک سے جانوروں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے اور آج رات تک عمر کوٹ اور نواب شاہ سے تین ٹرالر اونٹوں سے بھرے بھی پہنچ جائینگے،مویشی منڈی میں وی آئی پی بلاکس بھی تعمیر ہو چکے ہیں جس میں بڑے کیٹل فارم کے مالکان چند روز میں ہی اچھی نسل کےجانور لیکر پہنچیں گے
،پوری مویشی منڈی میں لائٹنگ کے نظام کو جدید طریقوں سے بہتر کیا گیا ہے جسکے بعد مویشی منڈی عارضی روشنیوں کے شہر میں تبدیل ہو چکی ہے،مویشی منڈی کے ایڈمنسٹریٹر مظفر حسن نے کہا کے منڈی میں بہترین انتظامات کی بدولت خواتین اور بچے بھی بڑی تعداد میں آتے ہیں اور فیملیوں کی آمد کو مد نظر رکھتے ہوئے تمام انتظامات کو حتمی شکل دی جارہی ہے،انہوں نے کہا کے آج ہفتے کے روز اور کل اتوار کو مویشی منڈی میں رش ہونے کی وجہ سے حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں۔