کراچی (نمائندہ خصوصی ) وزیر اعظم شہاز شریف سے بزنس کمیونٹی کے وفد نے سندھ گورنر ہاﺅس میں ملاقات کی۔ گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری اور وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ گورنرسندھ نے کہا کہ وزیراعظم کے مشکور ہیں جنہوں نے بزنس کمیونٹی کے مسائل سننے کے لئے اپنی مصروفیات میں سے وقت نکالا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ ملک کے معاشی حب کی صنعتوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل ہونا چاہئیں۔ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ انفرا اسٹرکچر کے ساتھ ساتھ، بجلی، پانی اور گیس کے مسائل سے صنعتوں کی پیداواری صلاحیت متاثر ہورہی ہے۔ قبل ازیں کاروباری برادری کے افراد نے اپنے شعبوں کے مسائل سے وزیر اعظم پاکستان کو آگاہ کیا۔