کراچی (نمائندہ خصوصی) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کے۔فور کے تعمیراتی کام کے آغاز کے سلسلہ میں منعقدہ تقریب میں شرکت کی۔ تقریب میں وزیر اعظم محمد شہباز شریف، وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری، وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ ، وفاقی وزیر آبی وسائل خورشید احمد شاہ، وفاقی و صوبائی وزرائ، چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ر) سجاد غنی کے علاوہ دیگر بھی موجود تھے۔ گورنر سندھ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان کا مشکور ہوں کہ انہوں نے شہر قائد کے باسیوں کے لئے انتہائی اہم منصوبے کے ۔فور کے تعمیراتی کام کے آغاز کے لئے اپنی مصروفیات میں سے وقت نکالا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ9مئی کے واقعات نے ہر محب وطن شخص کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے، یہ واقعات ملک کی سا لمیت اور یکجہتی کے خلاف سوچی سمجھی سازش تھے، جسے مسلح افواج کے تحمل، صبر اور تدبر نے کامیاب نہیں ہونے دیا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ اطمینان کی بات یہ ہے کہ تحریک انصاف کے ذی شعور رہنماﺅں نے ان واقعات کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے پارٹی سے لاتعلقی کا اظہار کیا ہے۔ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ ملک کے معاشی حب کراچی میں سمندر ہونے کے باوجود شہر قائد کے مکین پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں، یہاں ٹینکروں میں تو پانی دستیاب ہے لیکن نلکوں میں نہیں۔ گورنر سندھ نے کہا کہ کے فور منصوبے کے تعمیراتی کام کا واپڈا کے ذریعہ آغاز کیا جارہا ہے ، اس سے کراچی کے شہریوں کو روزانہ 650ملین گیلن پانی دستیاب ہوگا، انہوں نے کہا کہ جب تک یہ منصوبہ تکمیل کو پہنچے گا، آبادی بڑھنے کے باعث کراچی کے شہریوں کے لئے مزید پانی درکار ہوگا، جس کے لئے ابھی سے منصوبہ بندی کرنا ضروری ہے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ کئی علاقوں میں بوسیدہ لائنوں کے باعث بہت زیادہ پانی ضائع ہوجاتا ہے، اس لئے ادارہ فراہمی و نکاسی آب کراچی کے ذریعہ اس کے تدارک اور ازالے کے لئے بھی جامع اقدامات کا ہونا ضروری ہے۔ گورنر سندھ نے امید اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزارت آبی وسائل اور واپڈا اس منصوبے کو وقت پر مکمل کریں گے تاکہ کراچی کے شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی ممکن ہوسکے ، پہلے مرحلہ میں کے فور کی تکمیل سے شہریوں کے لئے 260 ملین گیلن پانی کی روزانہ دستیابی یقینی ہو سکے گی۔ گورنر سندھ نے کہا کہ منصوبے میں بھرپور دلچسپی پر وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ ، وفاقی وزیر آبی وسائل خورشید احمد شاہ کا بھی مشکور ہوں۔