اسلام آباد( نمائندہ خصوصی ) وزیر مملکت پیٹرولیم مصدق ملک کا کہنا ہے کہ جلد 10 ارب ڈالر کی بڑی سرمایہ کاری پاکستان میں ہونے جارہی ہے، وزیراعظم منصوبےکا افتتاح کریں گے۔تفصیلات کے مطابق وزیر مملکت پیٹرولیم مصدق ملک نے اپنے بیان میں کہا کہ ریفائنری پالیسی بنالی ہے جلد وزیر اعظم سےمنظوری کرائیں گے، اب ریفائنری پالیسی کے ذریعے اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری ہوگی۔مصدق ملک کا کہنا تھا کہ جلد 10ارب ڈالرکی بڑی سرمایہ کاری پاکستان میں ہونے جارہی ہے،وزیر اعظم 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کےمنصوبےکا افتتاح کریں گے۔وزیر مملکت نے بتایا کہ پیٹرول کی ضرورت کو پورا کرنے کیلئے روس سے 20 فیصد تیل خریدا ہے، پاکستان میں دنیا بھر سے آئل ریفائنری سیکٹرمیں سرمایہ کاری کی جائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان روس کے بعد ایران سے بھی گیس لائن منصوبہ مکمل کرنے کا خواہشمند ہے، ایران کے ساتھ گیس پائن لائن منصوبے کی تکمیل پر مشاورت جاری ہے، ایران پر عالمی پابندیاں ہیں جائزہ لے کر فیصلہ کیا جائے گا۔مصدق ملک نے کہا کہ پاکستان بارڈر سسٹم کے ذریعے ایران سے پہلےہی تجارت کررہا ہے ، 100میگا واٹ بجلی بارڈر ٹریڈ کے ذریعے ایران سے خریدی جارہی ہے۔پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سائفر لہرانے والے گڑگڑا رہے ہیں معافیاں مانگ رہے ہیں ، سائفر لہرا کر ملکی تقدس کو پامال کیا گیا،ریاستی تنصیبات کو نقصان پہنچانا آگ لگانا کسی صورت برداشت نہیں۔بجٹ کے حوالے سے وزیر مملکت نے کہا کہ بجٹ ابھی تیار نہیں ہوا ، پیٹرولیم لیوی کا کتنا ہدف رکھا ہےنہیں بتا سکتا ، روس سے تیل لے کر جہاز بہت جلد پاکستان پہنچ رہا ہے