کراچی(نمائندہ خصوصی) گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری سے علمائے کرام کے وفد نے گورنرہاﺅس میں ملاقات کی ۔وفد کی قیادت معروف عالم دین مفتی منیب الرحمان کر رہے تھے،درگاہ عیدگاہ شریف راولپنڈی کے پیر حسان حسیب الرحمان بھی وفد میں شامل تھے۔ ملاقات میں l اسلام کے رہنما اصول، حساس تنصیبات اور مقامات پر شرپسندی سمیت دیگر امور زیر بحث آئے۔ گورنرسندھ نے کہا کہ اسلام برداشت ، رواداری اور افہام و تفہیم کا درس دیتا ہے اس ضمن میں علمائے کرام محراب و منبر سے اسلام کے اصل پیغام کو عام کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ شرپسندی کے واقعات ناقابل برداشت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علمائے کرام نے ہر مشکل وقت میں ساتھ دیا۔انہوں نے کہا کہ شرپسندی کے واقعات کو ہر سطح پر مسترد کرنا ہوگا۔ علمائے کرام نے کہا کہ حالیہ واقعات انتہائی افسوسناک ہیں ملوث عناصر کے خلاف سخت ایکشن لینا چاہئے۔