کراچی(نمائندہ خصوصی) کراچی سمیت سندھ بھر کی بزنس کمیونٹی نے پنجاب کی بزنس کمیونٹی کے مسائل معلوم کرنے اور انہیں حل کرانے کی جدوجہد کرنے پر حکومت پنجاب کے وزیر صنعت وتجارت ایس ایم تنویر کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔خیرپور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی بانی وصدراورایف پی سی سی آئی کی سابق نائب صدر شبنم ظفر نے کہا کہ پنجاب کو ایک بہترین منسٹر مل گیا ہے جو کاروباری برادری کے پاس جاکر ان کے مسائل معلوم کررہاہے اور ایس ایم تنویر جیسے منسٹر کی ہمیں بھی ضرورت ہے جو ہمارے مسائل کو نہ صرف سمجھے بلکہ انہیں حل کرانے کی اہلیت بھی رکھتا ہو۔شبنم ظفر نے کہا کہ بزنس کمیونٹی کی نمائندگی کے دعوے دار ایف پی سی سی آئی میں برسراقتدار گروپ اور ایف پی سی سی آئی کے عہدیداروں نے کاروباری برادری کو تنہا چھو ڑدیا ہے اورمشکل ترین حالات میں پاکستان بھر کے چیمبرز آف کامرس اور تجارتی ایسوسی ایشنز مسائل کے حل کرانے کیلئے مارے مارے پھر رہے ہیں۔شبنم ظفر نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ واحدپنجاب کے نگراں صوبائی وزیر صنعت وتجارت ایس ایم تنویر نے تاجروں اور صنعتکاروں کو اپنے دفتر دعوت دے کر بلانے کی بجائے مارکیٹس، ایسوسی ایشنز، چیمبرز کا دورہ کرکے اور بزنس کمیونٹی کے مسائل ان کی دہلیز پر جاکر سننے اور ان مسائل کو حل کروانے کو ترجیح دیتے ہوئے ایک احسن قدم اٹھایا ہے جس کو تاجر برادری کی جانب سے انتہائی خوش آئند قرار دیتے ہوئے بہت سراہا گیا ہے اور ایس ایم تنویر کی یہ پذیرائی دیکھ کر فیڈریشن میں برسراقتدار ٹولہ بوکھلا گیا ہے اور اس نے دیکھ لیا ہے کہ اب الٹی گنگا بہنے لگی ہے۔شبنم ظفر نے ایس ایم تنویر احسن اقدامات کو سراہتے ہوئے اس بات کی یقین دہانی کرائی ہے کہ خدمت کے اس سفر میں ہر وقت ان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے ۔