کراچی (بزنس رپورٹر ) یونائٹیڈ بزنس گروپ(یو بی جی) صدر زبیرطفیل،مرکزی سیکریٹری جنرل ظفربختاوری اورسیکریٹری جنرل (سندھ ریجن)حنیف گوہر نے کہا ہے کہ ایف پی سی سی آئی میں آئندہ ایف پی سی سی آئی الیکشن میں اب کسی کو بھی چور دروازوں سے داخل ہونے نہیں دیا جائے گا،بزنس کمیونٹی کی اکثریت یونائٹیڈ بزنس گروپ کے ساتھ ہے، پاکستان بھر میں تمام یو بی جی ممبران نے سرگرمی کے ساتھ آئندہ الیکشن میں حصہ لیے کی تیاریاں شروع کردی ہیں اور ایک بار پھر فیڈریشن چیمبر میں کامیابی یو بی جی کو ہی ہوگی۔یو بی جی کے مرکزی ترجمان گلزارفیروز کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق یو بی جی کے صدر زبیرطفیل نے کہا کہ گروپ کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم تنویر کے رواں ماہ کراچی کے دورے میں اہم فیصلے کئے جائیں گے اورنوجوان تاجررہنماؤں کو اہم ذمہ داریاں دی جائیں گی کیونکہ نوجوان قیادت ہمارے ملک کا مستقبل ہے اور وہ ملکی معیشت کو مضبوط بنانے میں اپنا اہم کردار ادا کریں گے۔ زبیرطفیل نے مزیدملک بھر کی بزنس کمیونٹی گوناگوں مسائل سے دوچار ہے اور فیڈریشن میں موجودہ برسراقتدار گروپ بزنس کمیونٹی کے مسائل حل کرانے میں ناکام رہا ہے، یونائیٹڈ بزنس گروپ الیکشن میں کامیابی کے بعد تاجروں کی بھرپور انداز میں نمائندگی کرے گا۔ظفربختاوری نے کہا کہ یونائٹیڈ بزنس گروپ خدمت پر یقین رکھتاہے، پاکستان بھر میں گروپ کی سرگرمیاں نئی قوت کے ساتھ شروع ہوچکی ہیں اورفیڈریشن چیمبر کے آئندہ الیکشن میں انتخابات میں یو بی جی کی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گا۔ حنیف گوہرنے کہا کہ یونائیٹڈ بزنس گروپ پورے ملک کی بزنس کمیونٹی کا نمائندہ گروپ ہے اور ہم اپنے بھرپور صلاحیتوں کے ساتھ آئندہ الیکشن میں حصہ لیں گے اور یو بی جی کی کامیابی کو یقینی بنائیں گے،ملک کی بزنس کمیونٹی پاکستان کے سب سے بڑی اسٹیک ہولڈر ہے اور پاکستان بننے کا سب سے زیادہ فائدہ بھی بزنس کمیونٹی کو ہوا ہے، ہمارا مرنا اور جینا پاکستان کے ساتھ ہے اور ہم توقع کرتے ہیں کہ ملک کی معاشی پالیسیاں تاجروں کے نمائندوں کو اعتماد میں لے کر مشاورت سے بنائی جائیں گی اور تاجروں کی عزت اور وقار کا خیال رکھا جائے گا۔حنیف گوہر نے کہا کہ ہم ایس ایم تنویر کی زیرسرپرستی اپنے قائد ایس ایم منیر کے مشن کو آگے بڑھائیں گے اور انکی خواہش پر ہم الیکشن میں کامیابی کے بعد ایک بار پھر فیڈریشن کو مالی طور پر نہ صرف کامیا ب ادارہ بنائیں گے بلکہ کاروباری برادری کی دوبارہ فیڈریشن تک دسترس آسان ہوگی۔