کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے متحدہ عرب امارات کے سفیر مسٹر حماد عبید ابراہیم الزابی نے ملاقات کی جس میں انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات سندھ میں سیلاب متاثرین کے لیے گھروں کی تعمیر میں مدد کرے گا۔ ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق ملاقات میں کراچی میں متحدہ عرب امارات کے کونسل جنرل بخیت عتیق الریمتی بھی شریک ہوئے، وزیراعلیٰ سندھ کے ساتھ ان کے نمائندہ خصوصی سید قاسم نوید نے بھی ملاقات میں شرکت کی۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور یو اے ای کے ساتھ تجارت کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا، سفیر نے وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا یو اے ای سیلاب متاثرین کے گھروں کی تعمیر میں سندھ حکومت کی مدد کرے گا، گھروں کی تعمیر کے حوالے سے بہت جلد پراجیکٹ کو حتمی شکل دی جائیگی۔ متحدہ عرب امارات کے سفیر نے کہا کہ یو اے ای کے صنعتکار سندھ میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتے ہیں، اس پر وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ یو اے ای کے ساتھ پاکستان کے تعلقات شہید بھٹو کے زمانے سے ہی مثالی ہیں۔