راولپنڈی( نمائندہ خصوصی) بلوچستان میں دہشت گردوں کے سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملے کے نتیجے میں ایک دہشت گرد ہلاک اور 3 جوان شہید ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ بلوچستان کے علاقے زرغون میں دہشت گردوں کے ایک گروپ نے سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملہ کردیا۔آئی ایس پی آر نے بتایا کہ یہ پوسٹ حال ہی میں علاقے میں کوئلے کی کانوں کو نشانہ بنا کر بھتہ خوری کی کوششوں کو روکنے میں مدد کے لئے قائم کی گئی تھی۔ترجمان کا کہنا تھا کہ پوسٹ پر موجود سیکیورٹی اہلکاروں نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کا حملہ پسپا کیا، جس کے دوران ایک دہشت گرد مارا گیا، تاہم شدید فائرنگ کے تبادلے میں تین جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔سیکیورٹی فورسز نے حملے کے بعد قریبی پہاڑوں میں ممکنہ طور پر فرار ہونے والے دہشت گردوں کے ٹھکانے کی نشاندہی کرکے آپریشن شروع بھی کردیا ہے۔سیکیورٹی فورسز قوم کے تعاون سے بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لئے پرعزم ہیں۔