لاہور(نمائندہ خصوصی) نگراں وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے مرد پولیس کو خواتین کی حراست سے روک دیا۔محسن نقوی نے کہا کہ پنجاب بھر میں 9 مئی کو 138 مقدمات میں 500 سے زائد خواتین اس وقت مطلوب ہیں، فوجی تنصیبات پر حملوں میں ملوث خواتین کو ہر صورت گرفتار کیا جائے گا، فوجی تنصیبات پر حملوں میں ملوث خواتین کسی رعایت کی مستحق نہیں۔گزشتہ روز ایک بیان میںنگراں وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ ان مقدمات میں ملوث خواتین کی گرفتاری لیڈیز پولیس کے ہمراہ یقینی بنائی جائے، کوشش کی جائے کہ گرفتار خواتین کو خواتین پولیس اسٹیشن میں رکھا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ انسداد دہشت گردی (اے ٹی سی)کی دفعات کے تحت درج ایف آئی آرز میں شامل خواتین کو بھی گرفتار کیا جائے گا، فوجی مقامات پر حملوں خاص طور پر جناح ہاوس کے اندر اور باہر موجود خواتین سے لیڈیز پولیس اسٹیشن میں آکر خود گرفتاری دینے کی صورت میں رعایت برتنے کا فیصلہ کیا ہے۔