لاہور(بیورو رپورٹ ) قومی احتساب بیورو (نیب)نے وزیر اعظم شہباز شریف کو آشیانہ ہاوسنگ اسکینڈل میں کلین چٹ دے دی۔ گزشتہ روزنیب رپورٹ کے مطابق آشیانہ ہاوسنگ کے ٹھیکے دینے کے پراسس میں بدعنوانی کے کوئی ثبوت نہیں ملے، آشیانہ پراجیکٹ شروع کرتے وقت سرکاری خزانے کو کوئی نقصان نہیں پہنچا اور نہ شہباز شریف نے کوئی فوائد حاصل کیے۔نیب رپورٹ میں کہا گیا کہ شہباز شریف کے خلاف اختیارات کے ناجائز استعمال کے کوئی ثبوت نہیں ملے، آشیانہ سکینڈل میں وزیراعظم کے خلاف بدنیتی کا کوئی پہلو بھی ثابت نہیں ہوتا، کسی پبلک آفس ہولڈر نے کسی قسم کے کوئی فوائد حاصل نہیں کیے، یہ بات ثابت ہو رہی ہے کہ سرکاری خزانے کو نقصان نہیں ہوا۔نیب نے رپورٹ میں بتایا کہ کامران کیانی نے بھی سرکار کے خزانے کو نقصان نہیں پہنچایا اور نہ فواد حسن فواد نے ٹھیکہ دلوانے کے لیے کوئی رشوت لی، شہباز شریف نے آشیانہ کا ٹھیکہ دینے کا معاملہ قانون کے مطابق اینٹی کرپشن کو بھجوایا تھا۔نیب نے شہباز شریف کی بریت کی درخواست پر جواب احتساب عدالت لاہور میں جمع کرا دیا اور استدعا کی کہ احتساب عدالت قانون کے مطابق شہباز شریف کی بریت کی درخواست پر فیصلہ کر دے۔واضح رہے کہ 8 اپریل 2023 کو آشیانہ ہاسنگ ریفرنس میں وکیل امجد پرویز نے وزیراعظم شہباز شریف، احد چیمہ اور فواد حسن فواد کی بریت کی درخواستیں دائر کی تھیں ۔دوسری جانب لاہور کی احتساب عدالت نے وزیراعظم شہباز شریف اور دیگر کی بریت درخواستوں پر حتمی دلائل طلب کرلیے۔ ہفتہ کو احتساب عدالت لاہور میں آشیانہ اقبال ریفرنس کی احتساب عدالت میں سماعت ہوئی۔وزیراعظم کے وکیل امجد پرویز نے عدالت کو بتایا کہ نیب نے شہباز شریف اور دیگر کو آشیانہ اقبال ریفرنس میں کلین چٹ دے دی، بریت کی درخواستوں پر حتمی دلائل دینے کے لیے تیار ہیں۔فاضل جج نے ریمارکس دیے کہ آج طبیعت کچھ ناساز ہے آئندہ سماعت پر دلائل دیں تو اچھا ہوگا۔عدالت نے آئندہ سماعت پر حتمی دلائل طلب کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 27 مئی تک ملتوی کردی۔
ادھر لاہور کی احتساب عدالت نے آمدن سے زائد اثاثوں کے ریفرنس میں بریت درخواست پر حتمی دلائل طلب کرلیے۔
احتساب عدالت کے جج ساجد علی اعوان نے وزیراعظم کے معاون خصوصی احد چیمہ کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کے ریفرنس میں بریت کی درخواست پر سماعت کی۔احد چیمہ نے اپنے وکیل امجد پرویز کی وساطت سے بریت کی درخواست دائر کرتے ہوئے موقف اپنایا کہ نیب نے احد چیمہ سمیت دیگر کے آمدن سے زائد اثاثوں کا ریفرنس دائر کر رکھا ہے، درخواست گزار کے خلاف کوئی شواہد سامنے نہیں آسکے ۔درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت نے احد چیمہ کو ریفرنس سے بری کرنے کا حکم دے۔عدالت نے درخواست پر حتمی دلائل طلب کرتے ہوئے سماعت 27 مئی تک ملتوی کر دی۔