کراچی (نمائندہ خصوصی)محکمہ تعلیم سندھ نے کیمبرج کی کتابوں میں شائع قابل اعتراض مضامین اسکولوں میں پڑھانے پر پابندی عائد کردی ہے۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر پرائیویٹ اسکولز رفیعہ ملاح نے کہا ہے کہ اولیول کی عمرانیات کی کتاب میں ہم جنس سے متعلق مضمون موجود ہے جبکہ مطالعہ پاکستان کی کتاب میں ہسٹری اینڈ کلچر آف پاکستان کا مضمون تاریخ کے منافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرز کے مضامین کا پاکستان کی ثقافت سے تعلق نہیں اس لیے اس مواد ہر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ وفاقی وزارت تعلیم و پیشہ ور تربیت نے صوبوں کے محکمہ تعلیم کو ایک مراسلہ بھیجا تھا جس میں او لیول کے نصاب میں نامناسب مواد کی طرف توجہ مبذول کرائی گئی تھی۔مذکورہ مراسلے میں نشاندہی کروائی گئی تھی کہ او لیول کے نصاب میں شامل عمرانیات کی کتاب کے باب ‘دی فیملی’ کے تحت ذیلی عنوان ‘سیم سیکس فیملی’ کا جائزہ لینے پر انتہائی متنازع مواد کا انکشاف ہوا ہے۔