لاہور(نمائندہ خصوصی ) سینئر سیاستدان جہانگیر خان ترین نے کہا ہے کہ نو مئی کے واقعات پر انتہائی افسوس ہوا ہے اور یہ انتہائی قابل مذمت ہیں ، نواز شریف اور محترمہ بینظیربھٹو کو سزائیں ملیں لیکن انہوں نے کبھی ایسا نہیں کیا ،ایک بڑے مقصد کے لئے جہاز لے کر نکلا تھا ، کوشش تھی کہ نیا پاکستان بنے جہاں غریب کی آواز سنی جائے ، آنے والی نسلوں کا مستقبل بہتر ہو لیکن افسوس وہ کوششیں آج پہنچی ہیں ۔ان خیالات کا ظہار انہوںنے اسحاق خاکوانی ، عون چوہدری اور دیگر کے ہمراہ جناح ہاﺅس کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ سیاسی رہنماﺅں نے جناح ہاﺅس کا دورہ کیا اور شر پسندوں کی جانب سے توڑ پھوڑ ،آگ لگانے کے واقعہ کی شدید مذمت کی ۔ جہانگیر خان ترین اور سیاسی رہنماﺅں نے اس موقع پر پاک فوج سے بھی یکجہتی کا اظہار کیا ۔ جہانگیر خان ترین نے کہا کہ جناح ہاﺅس کا دورہ کیا ہے اور اس کی حالت دیکھ کر دلی افسوس ہوا ہے ، جو لوگ یہاں آئے وہ پاکستان تحریک انصاف کے جھنڈے لے کر آئے تھے ، انہوں نے یہ نہیں کہا کسی اور کے لوگ ہیں، وہ تحریک انصاف کے کارکنان تھے اور جس طرح کا واقعہ ہوا ہے وہ انتہائی افسوسناک ہے ، اب تحریک انصاف کی لیڈر شپ اور رہنماﺅں کا کردار ہے وہ کیا کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس طرح کا اقدام کبھی نہیں ہونا چاہیے چاہیے ۔انہوں نے عمران خان کی جانب سے ان واقعات کی مذمت نہ کرنے کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ عمران خان سے سے سیاسی وابستگی اوردوستی تھی جو دو سال پہلے ختم ہو چکی ہے اس کی اپنی وجوہات تھیں۔امید ہے لوگ سبق سیکھیں گے اوراس طرح کی حرکت دوبارہ کبھی نہیں ہوں گی ۔