اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی )پیس اینڈ کلچر آرگنائزیشن کی چیئرپرسن مشعال حسین ملک نے مقبوضہ جموں کشمیر کو ایک فوجی قلعے اور ایک بہت بڑی جیل میں تبدیل کرنے پر نریندر مودی کی فسطائی بھارتی حکومت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ بہادر کشمیری عوام گروپ 20 کی تقریب کو ایک ناکام شو بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مشعال ملک نے جو غیرقانونی طورپر نظربند سینئر حریت رہنما محمد یاسین ملک کی اہلیہ ہیں ، ایک بیان میں کہا کہ بھارتی حکومت جموں کشمیر پر اپنے غیر قانونی قبضے سے عالمی توجہ ہٹانے کے لیے علاقے میں گروپ 20 کا اجلاس منعقد کر رہی ہے۔انہوں نے پاکستان پر زور دیا کہ وہ گروپ 20 کے تمام رکن ممالک سے رجوع کرے اور انہیں متنازعہ خطے میں مجوزہ اجلاس پر اپنے تحفظات سے آگاہ کرے۔مشعال ملک نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ پاکستان جی 20 ممالک کو مقبوضہ جموں کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی اور بڑھتی ہوئی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوںسے آگاہ کرے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی حکومت کو گروپ کے تمام رکن ممالک کو مجوزہ اجلاس کا بائیکاٹ کرنے کے لیے خط لکھنا چاہیے کیونکہ ایک متنازعہ خطے میں مجوزہ اجلاس میں ان کی شرکت سے یہ غلط پیغام جائے گا کہ یہ ممالک ایک ظالم اور غاصب کا ساتھ دے رہے ہیں۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کشمیری عوام بھارتی حکومت کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے لیے دنیا کے تمام فورمز پر اپنی آواز بلند کریں گے۔