اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے داخلہ عطا اللہ تارڑ نے واضح کیا ہے کہ ،فساد پھیلانے اور توڑ پھوڑ کرنے والے شرپسندوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ، پی ٹی آئی کارکنوں نے ارض پاک کے مقدس مقامات کی بے حرمتی کی ،پی ٹی آئی کارکن سازش کے تحت شہدا کی یادگاروں پر حملہ آور ہوئے۔بدھ کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے داخلہ عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ لاہور میں قائداعظم محمد علی جناح کے گھر کو بھی نہ بخشا گیا ، عمران خان کے بھانجے حسا ن نیازی جناح ہاﺅس پر حملے میں ملوث دیکھے گئے ، شرپسندوں نے شہداءکی تصاویر کو بھی نذر آتش کیا ، 1965 کے ہیروایم ایم عالم کی یادگار کو بھی نشانہ بنایا گیا ، شرپسندوں نے کیپٹن کرنل شیر خان شہید (نشان حیدر )کی یادگار کو بھی نقصان پہنچایا ،ان مجرموں کو قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی ، مراد سعید کی کارکنوں کو مشتعل کرنے کی آڈیو موجود ہے ، آڈیوز اور ویڈیوز میں پی ٹی آئی رہنماﺅں کو شرپسندوں کی قیادت کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے ، پشاور میں چاغی پہاڑ کے نمونے کو بھی آگ لگادی گئی ، 1947میں پاکستان کی آزادی کا اعلان کرنے والے ریڈیو کو بھی نشانہ بنایا گیا ،فساد پھیلانے اور توڑ پھوڑ کرنے والے شرپسندوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ،آئندہ شرپسندی کے کسی بھی واقعہ سے بچنے کے لئے ایک مثال قائم کرنا ہوگی۔