کراچی (نمائندہ خصوصی) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کے رہنما علی زیدی نے 9مئی کے واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹی وی پر جو مناظر دیکھے و ہ تکلیف دہ تھے ۔فوج ہم سے ہے اور ہم فوج سے ہیں۔جس جس نے دہشت گردی کی اور فوجی املاک پر حملہ کیا ان سب کا احتساب ہونا چاہیے ۔ تحریک انصاف اس دن چھوڑوں گا جس دن عمران خان چھوڑیں گے۔ کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی زیدی نے کہا کہ میری کمر میں 4دن سے شدید تکلیف ہے، اس لیے میں نے اسپتال میں میڈیکل چیک اپ کرانے کی درخواست دی تھی۔نو مئی کو چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری کے بعد ہونے والی ہنگامہ آارئی سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فوج ہم سے ہے اور ہم فوج سے ہیں، پاکستان ایئرفورس کے ایم ایم عالم کے جہازکو جلایا گیا، شہدا کی یادگار کو جلانے پر مجھے سب سے زیادہ تکلیف ہوئی، نو مئی کو جس جس نے دہشت گردی کی فوجی املاک پر حملہ کیا ان سب کا احتساب ہونا چاہیے۔انہوںنے کہا کہ ان کا کہنا تھا کہ میں عمران خان کو سیاستدان مانتا ہوں لیڈر تو وہی ہے، انہوں نے ہمیشہ دہشت گردی سے دور رہنے کی تلقین کی ہے، پولیس کی گاڑی پاکستان کی ہے ، سپریم کورٹ بھی پاکستان کی ہے، پاک نیوی، پاک ایئرفورس ،پاک آرمی ،ریلوے سب پاکستان کے ہیں، کور کمانڈر ہاس میں توڑ پھوڑ کی گئی جس پر بہت افسوس ہوا۔تحریک انصاف سے اپنے تعلق کا ذکر کرتے ہوئے علی زیدی جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور آبدیدہ ہوگئے، ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کو بنے ہوئے 23سال ہوگئے ہیں، پارٹی چھوڑنے کا تصور بھی نہیں کرسکتا، میں پی ٹی آئی اس وقت چھوڑوں گا جب عمران خان چھوڑیں گے۔انہوں نے کہا کہ پولیس والے تو مجھے جیکب آباد لے کر جارہے تھے لیکن شکر گزار ہوں گھر میں نظربند کیا گیا، جو تماشا 9 مئی کو ٹی وی چینلز پر نظر آیا اس کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہوں۔