اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) بحریہ سکول آف انجینئرنگ اینڈ اپلائیڈ سائنسز نے بحریہ یونیورسٹی اسلام آباد میں تیسری بین الاقوامی کانفرنس برائے کمیونیکیشن، کمپیوٹنگ اور ڈیجیٹل سسٹمز (سی کوڈ2023) کا انعقاد کیا۔پرو چانسلر بحریہ یونیورسٹی/چیف آف دی نیول سٹاف، ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نشان امتیاز(ملٹری)، ستارہ بسالت کانفرنس کے مہمان خصوصی تھے۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی نے کانفرنس کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ کانفرنس سائبر ورلڈ سے متعلق آگاہی میں اہم کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے مستقبل کی ٹیکنالوجیز ڈیجیٹل کمیونیکیشن، ہائی اینڈ کمپیوٹنگ، انفارمیشن سیکیورٹی اور مصنوئی ذہانت کی افادیت پر بھی روشنی ڈالی۔ اس کانفرنس کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس بین الاقوامی کانفرنس نے کمیونیکیشن، کمپیوٹنگ اور ڈیجیٹل سسٹمز میں نئی جدتوں اور مسائل پر بحث کرنے کیلئے محققین، تعلیمی ماہرین، صنعت کاروں اور طلباء کو ایک نادر پلیٹ فارم مہیا کیا ہے۔ چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار احمد نے بھی کانفرنس میں بطور اعزازی مہمان شرکت کی۔ کانفرنس کے خصوصی مقررین میں ڈاکٹر Enrique Nava Baro، یونیورسٹی آف ملاگا، سپین، ڈاکٹر محمد عمران یونیورسٹی آف ساؤتھ ویلز یونائیڈ کنگڈم اور پروفیسر ڈاکٹرElvira Popescu، یونیورسٹی آف Craiova، رومانیہ شامل تھے جنہوں نے اس موضوع پر تفصیلی اظہار خیال کیا۔ برطانیہ، چین، رومانیہ، سپین اور پاکستان سے دیگر مقررین بھی کانفرنس میں شریک ہوئے جنہوں نے مختلف موضوعات بشمول سائبر سیکیورٹی، مصنوئی ذہانت اور ڈیجیٹل سگنل پراسیسنگ میں اپنی ماہرانہ تحقیق اور آراء پیش کیں۔ ڈین فکیلٹی آف انجینئرنگ اینڈ سائنسز پروفیسر ڈاکٹر عاطف رضا جعفری نے اس موقع پر کہا کہ بحریہ یونیورسٹی ملک میں تحقیقی رجحان کے فروغ اور تعلیم پر مبنی معیشت کیلئے خصوصی طور پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔