کراچی(نمائندہ خصوصی) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی کے سول اسپتال میں انڈواسکوپی یونٹ کا افتتاح کردیا۔سید مراد علی شاہ نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یقین دہانی کروائی کہ ہم عوام کو صحت کی مفت سہولت فراہم کرتے رہیں گے۔انہوںنے کہا کہ 5 سال کے عرصے میں وزیر صحت نے بہت محنت کی ہے، سیلاب اور کورونا کے مسائل ہونے کے باوجود کام کیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ کورنگی میں بچوں کا اعلی ترین سینٹر بنایا ہے، گمبٹ کا سینٹر آپ کے سامنے ہے۔وزیر اعلی نے کہا کہ ہمیں ایسے لوگوں کی ضرورت ہے جو کام کرنا چاہتے ہیں، ہم پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ کے تحت کام کر رہے ہیں، یہ سہولت امریکا میں بھی نہیں جو ہم یہاں لوگوں کو دے رہے ہیں۔وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے سول اسپتال میں جگہ کے مسئلے پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنے شعبوں کو وسیع کرنا ہے، او پی ڈی اور ایمرجنسی یونٹ کو بھی وسعت دینی ہے لیکن سول اسپتال میں جگہ کا مسئلہ ہے اس لئے سروسز اسپتال کی جگہ کو استعمال میں لایا جائے گا۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کہا کہ ہمیں ایسے یونٹ سندھ کے دیگر اضلاع میں بھی قائم کرنے ہیں۔انڈواسکوپی یونٹ کے افتتاح کے موقع پر یونٹ کے سربراہ ڈاکٹر سعد نیاز نے کہا کہ سرکاری اسپتالوں میں ایڈوانس انڈواسکوپی کا سلسلہ تھا ہی نہیں، 2006 میں سول اسپتال میں سب سے پہلا یونٹ بنایا گیا، یونٹ میں مختلف اقسام کی انڈواسکوپی کی گئیں۔وائس چانسلر ڈا و¿یونیورسٹی پروفیسر سعید قریشی نے کہا کہ سول اسپتال کو حکومت کی مزید توجہ کی ضرورت ہے، جدید طریقہ علاج کو اپنانا ہوگا، اسٹرکچرل ریفارمز کی ضرورت ہے ہمیں اپنی پرانی عمارتوں کو بھی بچانا ہے۔