لاہور (کورٹ رپورٹر ) لاہورہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی9مئی یا اس کے بعد درج مقدمات کی تفصیلات کی فراہمی کی درخواست پر اعتراض ختم کر دی جبکہ درخواست کو فوری سماعت کے لئے مقرر کرنے کی استدعا مسترد کر دی گئی۔ ہائیکورٹ کے جسٹس صفدرسلیم نے عمران خان کی درخواست پرسماعت کی ۔عمران خان نے درخواست میں آئی جی پنجاب اور ایڈووکیٹ جنرل پنجاب فریق بناتے ہوئے 9مئی اور اس کے بعد درج مقدمات میں گرفتار نہ کرنے کی استدعا کی۔عمران خان نے درخواست میں موقف پیش کیا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے گرفتاری کا خدشہ ہے، پنجاب حکومت کی جانب سے متعدد مقدمات میں نامزد کیا گیا ہے، پنجاب حکومت سیاسی انتقام کا نشانہ بنا رہی ہے۔درخواست میں موقف اختیار کرتے ہوئے استدعا کی گئی کہ 9مئی کے واقعات کے بعد مقدمات درج کیے گئے ہیں، عدالت پولیس کو گرفتار کرنے سے روکے اور 9 مئی اور اسکے بعد درج مقدمات کی تفصیلات کی فراہمی سے متعلق حکم دے۔رجسٹرار ہائی کورٹ آفس نے عمران خان کی مقدمات کی تفصیلات کی فراہمی کی درخواست پراعتراض عائد کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی تصدیق شدہ کاپی لف نہیں کی۔جسٹس صفدر سلیم نے عمران خان کی درخواست پر اعتراض ختم کردیا ۔عمران خان کی جانب سے درخواست کو فوری سماعت کے لئے مقرر کرنے کی استدعا کی گئی جسے عدالت نے مسترد کرتے ہوئے رجسٹرار آفس کو عمران خان کی درخواست آج ( منگل ) کو سماعت کے لئے کسی بینچ میں پیش کرنے کی ہدایت کر دی ۔