اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض نے کہا ہے کہ تحریک انصاف نے ملک کے ساتھ وہ کر دیا جو آج تک بھارت یا طالبان بھی نہیں کرسکے، عمران خان کو سر عام پھانسی دینی چاہیے تھی۔قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض نے کہا کہ عمران خان اور ان کے ساتھیوں نے وہ کام کیا ہے کہ پوری قوم کے سر شرم سے جھک گئے، آج پورا ایوان شرمندہ ہے، جو جہاز بھارت گرا نہیں سکا وہ شرپسندوں نے جلا دیے۔ راجہ ریاض نے کہاکہ عمران خان فتنہ ہےانتشار ہے، عمران خان اور حواریوں نے اداروں کے خلاف مہم چلائی،کبھی ریمانڈ میں کسی کو ضمانت ملی ہے؟ لاڈلے کو ریمانڈ کے دوران عزت و احترام کے ساتھ گیسٹ ہاوس بھیجا گیا، عمران خان کو سر عام پھانسی دینی چاہیے تھی۔اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض نے کہاکہ عمران خان کے خلاف آرمی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا جائے، ملک دشمنوں کو اگر لگام نہ ڈالی گئی تو یہ پاکستان کو توڑنے کےلئے جو کچھ ہوسکے گا کریں گے۔