کراچی (نمائندہ خصوصی ) گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری نے JDC فری بس ٹرانسپورٹ کا افتتاح کردیا،اس موقع پر JDCکے سربراہ ظفر عباس اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد بھی موجود تھے ، ان بسوں کے روٹس سرجانی ٹاو¿ن سے ٹاور،اقبال ٹاو¿ن اورنگی سے ٹاور اور سہراب گوٹھ سے قائد آباد تک ہوں گے۔ گورنر سندھ نے JDC کے زیر انتظام چلنے والے مختلف منصوبوں کی تعریف کرتے ہوئے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے فری بس ٹرانسپورٹ کے آغاز کو سراہا، انہوں نے کہا کہ بلدیہ عظمی کراچی میں موجود بسوں کو بھی جے ڈی سی کے حوالے کیا جائے گا۔
گورنر سندھ نے کہا کہ عوام کی فلاح و بہبود کے لئے JDC کا کردار قابل تحسین ہے، طاقتور پاکستان پروگرام سے سفید پوش افراد کے گھروں پر راشن کی ترسیل قابل تعریف کاوش ہے ، انہوں نے کہا کہ مستحق افراد کی کفالت میں مخیر حضرات مزید تعاون کریں ، کیونکہ مہنگائی سے عام آدمی کے ساتھ ساتھ سفید پوش طبقہ بھی متاثر ہورہا ہے۔ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ عدالتوں سے عوام کو جلد انصاف کی فراہمی کے لیے گورنر ہاؤس میں جسٹس لائزن کمیٹی تشکیل دی جارہی ہے،
یہ کمیٹی ریٹائرڈ ججوں پرمشتمل ہوگی۔ گورنر سندھ نے کہا کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کے لئے کوشاں ہیں، انہوں نے کہا کہ وہ حکومت سندھ کو دیگر اضلاع میں عوام کے لئے مفت بس سروس چلانے کی تجویز دیں گے جبکہ کم از کم تنخواہ 50 ہزار کرنے کے لئے بھی حکومت سندھ کو دوبارہ خط لکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں شرپسندوں نے سرکاری املاک اور بسوں کا جلایا، انہوں نے مزید کہا کہ عرصہ دراز سے بند اور خراب بسوں کو ٹھیک کراکر عوام کے لئے مہیا کریں گے۔
کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ مہنگائی کی وجہ سے متوسط طبقہ بہت متاثر ہوا ہے، اس وقت ملک میں عوام کو مہنگائی کے طوفان کا سامنا ہے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ عدالتوں سے جو فیصلے آتے ہیں وہ قانون بن جاتے ہیں، ہم سب کا عدالتوں پر اعتماد ہے، انہوں نے مزید کہا کہ 9 مئی کے واقعات میں جو ملوث ہیں ان کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے، شرپسند عناصر کو عبرتناک سزا ہونی چاہئے تاکہ دوبارہ کوئی ایسا نہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ اتوار 21 مئی کو بابائے قوم کو خراج تحسین پیش کرنے اور افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی کے لئے مزار قائد پر ریلی کا اہتمام کیا گیا ہے، انہوں شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اس میں بھرپور طریقہ سے شریک ہوں۔ JDCکے سربراہ ظفر عباس نے کہا کہ آج 3 بسوں کا آغاز کیا جارہا ہے مزید 14 بسیں ان روٹس پر جلد چلائی جائیں گی، انہوں نے کہا کہ تمام منصوبوں کا مقصد عام آدمی کو زیادہ سے زیادہ ریلیف پہنچانا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ جے ڈی سی کے منصوبوں میں بھرپور تعاون پر گورنر سندھ اور عرفان واحد کا مشکور ہوں۔