لاہور (نمائندہ خصوصی) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے پارٹی چیئرمین عمران خان کی گرفتاری پر شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہائیکورٹ کورٹ پر حملہ اور چیئرمین تحریک انصاف کی پرتشدد انداز میں گرفتاری قابل مذمت ہے، چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عمران خان کے عدالتی احاطے سے اغواءکا فوری نوٹس لیں ۔انہوں نے اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین تحریک انصاف کی گرفتاری مکمل طور پر بلاجواز اور ناقابل قبول ہے، عمران خان نے اپنے بیان میں رضاکارانہ طور پر گرفتاری دینے کی پیشکش کی، ہائی کورٹ میں بائیو میٹرک کے دوران دھاوا بول کر اور وکلا کو زخمی کر کے چیئرمین عمران خان کو تحویل میں لینا نیری فسطائیت اور قابل مذمت ہے، چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عمران خان کے عدالتی احاطے سے اغوا کا فوری نوٹس لیں اور فوری بازیابی اور عدالت میں پیشی کے احکامات صادر کریں۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پوری قوم چیئرمین کی صحت اور سلامتی کے حوالے سے نہایت تشویش میں مبتلا ہے، چیئرمین کی گرفتاری کے خلاف ملک بھر میں پرامن مگر نہایت موثر احتجاج کریں گے ۔چیئرمین تحریک انصاف پر تشدد اور ان کے اغوا پر قوم اور کارکنان میں شدید رد عمل کی کیفیت ہے، قانون کو ہاتھ میں لئے بغیر اپنا پرزور احتجاج ریکارڈ کروائیں گے، چیئرمین کی بحفاظت بازیابی اور رہائی کی ساتھ اپنی جنگ پرزور سیاسی اور قانونی طریقے سے لڑیں ۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی قیادت اور چیئرمین کی قائم کردہ ایمرجنسی کمیٹی کے اراکین صورتحال کا ہر پہلو سے جائزہ لینگے اور اپنے بھرپور لائحے عمل کا اعلان کرینگے، ایمرجنسی کمیٹی میں سینٹر سیف اللہ خان نیای ، سینٹر اعظم سواتی، سینٹر اعجاز چوہدری ، مراد سعید اور علی امین گنڈا پور شامل ہیں۔