سعودی طالب علم نے اسکولوں میں تدریسی عمل بحال ہونے پر درسگاہ کے دروازے پر ہی سجدہ شکر ادا کیا، واقعے کی ویڈیو نے صارفین کے دل جیت لیے۔
کرونا وبا نے ساری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے جس کا پھیلاؤ روکنے کےلیے ممالک نے کاروباری مراکز ، تعلیمی ادارے، تفریحی مراکز سمیت تمام جگہیں بند کردی تھیں تاکہ انسانی جانوں کے ضیاع کو بچایا جاسکے۔
تمام مقامات سمیت اسکولوں کو بند کرنے کے سخت فیصلے لینے والے ممالک میں سعودی عرب بھی شامل تھا جس نے باالآخر دو برس بعد اسکولوں میں تدریسی عمل بحال کردیا ہے۔
تعلیمی ادارے کھلنے کے بعد طلباء و طالبات بخوشی اپنی درسگاہوں کی جانب رخ کررہے ہیں اور تعلیمی ادارے کھلنے پر رب ذوالجلال کا شکر بجا لارہے ہیں۔
خدائے بزرگ و برتر کا شکریہ کرنے والا ایک طالب علم ایسا بھی تھا جس نے اسکول کے دروازے پر سجدہ شکر ادا کیا، جس کی ویڈیو نے سوشل میڈیا صارفین کے دلوں میں گھر کرلیا۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ طالبعلم اسکول میں داخل ہوا اور دروازے پر جائے نماز بچھا کر رب کا شکر ادا کرتے ہوئے سجدہ ریز ہوگیا۔
طالب علم کا یہ عمل دیکھ کر اسکول میں داخل ہونے والا استاد بھی وہی رک گیا اور طالب علم کے ماتھے کا بوسہ لے کر شاباشی دی۔