کراچی(نمائندہ خصوصی) صوبائی وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ ضمنی بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی کے امیدواروں کی کامیابی چیئرمین بلاول بھٹو اور انکے وژن پر کراچی کے عوام کے اعتماد کا مظہر ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے علی ہاﺅس کراچی میں آنے والے مختلف وفود اور مسائل کے حوالے سے آنے والے افراد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ وزیر بلدیات نے اس موقع پر کہا کہ کراچی کے بلدیاتی انتخابات میں شاندار کامیابی تاریخی فتح ہے۔ اس حوالے سے پارٹی قیادت اور جیتنے والے امیداورں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں اور کراچی کے شہریوں کا پیپلز پارٹی پر اعتماد اور ووٹ پر دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔ انھوں نے کہ اکہ تاریخی فتح پر پارٹی ورکرز کی محنت اور مقامی قیادت خراج تحسین کے لائش ہیں۔ ناصر شاہ نے اس موقع پر کہا کہ پیپلز پارٹی کا میئر ہی شہریوں کے مسائل کا واحد حل ہے اور انشا اللہ جیالا میئر ہی کراچی کے مسائل حل کرے گا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو کے وژن کے مطابق بلدیاتی اداروں کے ذریعے عوام کو ریلیف دینے کیلئے ہر ممکن اقدامات کیئے جارہے ہیں۔ سندھ بھر میں ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہے جبکہ تمام بلدیاتی اداروں کو خصوصی ہدایات ہیں کہ وہ دفتروں میں مسائل کے حل کیلئے آنے والے افراد کے ساتھ خوش اخلاقی اور خندہ پیشانی سے پیش آئیں اور آنے والے افراد کی مشکلات دور کی جائیں۔ شکایات کا ازال کیا جائے۔ اور ان کی رہنمائی بھی کی جائے۔ ناصر شاہ نے کہا کہ ان کے دفتر سندھ سیکریٹریٹ اور علی ہاس کراچی میں لوگوں کے مسائل بلاتفریق حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے کیوں کہ چیئرمین بلاول بھٹو کی ہدایات اور وژن بھی ہے کہ عوام کے مسائل بلاتفریق حل کئے جائیں اور انھیں ہر ممکن ریلیف دیا جائے۔