اسلام آباد( نمائندہ خصوصی)عدلیہ سے اظہار یکجہتی کےلئے تحریک انصاف کی جانب سے گزشتہ روز ریلی نکالنے پر رہنما تحریک انصاف اسد عمر، راجا خرم نواز سمیت 180 کارکنان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی کال پر گزشتہ روز تحریک انصاف کے رہنماﺅں اور کارکنوں کی جانب سے عدلیہ سے اظہار یکجہتی کےلئے ریلی نکالی گئی تھی۔ریلی نکالنے پر تحریک انصاف کے خلاف دفعہ 144کی خلاف ورزی سمیت دیگر دفعات کے تحت تھانہ مارگلہ میں مقدمہ درج کیا گیا ۔مقدمہ رہنما تحریک انصاف اسد عمر، راجا خرم نواز سمیت 180کارکنان کے خلاف درج کیا گیا ہے۔ایف آئی آر میں کہا گیا کہ اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے اس طرح کی غیرقانونی ریلیوں پر اسلام آباد میں دفعہ 144کا نفاذ کر رکھا ہے لہذا ریلی کے شرکا کو لاڈ اسپیکر کے ذریعے آگاہ کیا گیا کہ آپ کی ریلی غیر قانونی ہے، لیکن شرکا نے حکم کی تعمیل نہ کرتے ہوئے سڑک بند کر کے ریلی جاری رکھی اور احتجاج شروع کردیا۔پولیس نے دفعہ 144اور احکامات کی خلاف ورزی پر پی ٹی آئی کے 38 کارکنوں کو گرفتار بھی کر لیا۔تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں کہا کہ گزشتہ روز ریلی کے بعد تحریک انصاف کے ورکرز کے گھروں پر چھاپے مارے گئے اور اب تک 38 لوگ گرفتار کئے جا چکے ہیں۔انہوںنے کہاکہ مجھ سمیت اسلام آباد کے تینوں اراکین قومی اسمبلی پر پرچہ ہے، ہم سے جس گھناﺅنے جرم کے مرتکب ہوئے وہ یہ ہے کہ ہم نے کہا کہ ہم اپنے آئین اور عدلیہ کے ساتھ کھڑے ہیں اس حوالے سے تحریک انصاف کے ایک اور سینئر رہنما رہنما فواد چوہدری نے ٹوئٹر پر پیغام میں کہا کہ اسلام آباد کے بعد اب سرگودھا میں تحریک انصاف پر کریک ڈاﺅن شروع ہے جہاں پانچ چیئرمین یونین کونسل کے گھروں پر رات گئے چھاپے مارے گئے اور چار کو گرفتار کرلیا گیا۔