کراچی(نمائندہ خصوصی)
جدہ سے کراچی پہنچنے والی نجی ائیرلائن کے 2 مسافروں میں منکی پاکس کی علامات ظاہر ہوئی ہیں۔ذرائع وفاقی وزارت صحت کے مطابق اسکریننگ کے دوران خاتون مسافر اور اس کے والد کو منکی پاکس کی علامات تھیں، مشتبہ دونوں مسافروں کو قرنطینہ کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جناح ائیرپورٹ پر ابتدائی کارروائی کے بعد دونوں مسافروں کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق دونوں باپ بیٹی مسافر ٹھٹھہ کے رہائشی ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ روز سعودی عرب سے ہی آنے والی ایک کمسن لڑکی اور ایک نوجوان کو منکی پاکس کا مشتبہ مریض قرار دیا گیا تھا۔ذرائع کے مطابق بیرون ملک سے پرواز نمبر ایس وی 700 کے ذریعےجدہ سے کراچی آنے والی 9 سالہ راحیلہ منصوب کو منکی پاکس کی مشتبہ مریض قرار دیا گیا ہے جبکہ اسی پرواز سے کراچی پہنچنے والے عفان محمد نامی 16 سالہ نوجوان کے بھی منکی پاکس سے متاثرہ ہونے کا شبہ ظاہر کیا گیا ہے۔