گوا( نمائندہ خصوصی) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان کا کشمیرسے متعلق ٹھوس اور واضح موقف ہے، بھارت کو کشمیر سے متعلق 4 اگست 2019 کی صورتحال پر واپس آنا اوربات چیت کیلئے سازگار ماحول پیدا کرنا ہوگا۔بلا ول بھٹو نے جو شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کیلئے بھارت میں ہیں ،گوا میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے 5 اگست 2019 کو غیرقانونی اقدامات کیے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی کی۔ انہوں نے کہا کہ 5 اگست 2019 کے بھارتی اقدام نے حالات کو تبدیل کیا۔وزیر خارجہ کا کہنا تھاکہ کشمیرکے بارے میں پاکستان کی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے ، پاکستان کا کشمیرسے متعلق ٹھوس اور واضح موقف ہے، بھارت کے یک طرفہ اقدامات سے تعلقات متاثرہوئے، بھارت کو کشمیر سے متعلق 4 اگست 2019 کی صورتحال پر واپس آنا ہوگا اوربات چیت کےلیے سازگارماحول پیدا کرنا ہوگا، پاکستان اوربھارت کے عوام امن چاہتے ہیں۔
کھیلوں سے متعلق سوال پر وزیر خارجہ کا کہنا تھاکہ بھارت میں بلائنڈ کرکٹ میچ ہورہا تھا، اس میں پاکستانی ٹیم کوجانا تھا مگر ویزہ نہیں مل سکا، بھارت کیوں پاکستان کی بلائنڈ کرکٹ ٹیم سے ڈرتا ہے؟ کھیل کو سیاست اور خارجہ پالیسی سے الگ رکھنا چاہیے۔