کراچی(نمائندہ خصوصی) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ جس معاشرے میں محنت کشوں کا استحصال ہو وہ کبھی ترقی نہیں کرسکتا،محنت کشوں کو ان کا جائز حق دلوانا ترجیحات میں شامل ہے۔ عالمی یوم مزدور کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ کسی بھی ملک کی معیشت کی ترقی میں محنت کشوں کا بنیادی کردار ہوتا ہے۔ وہ اپنی محنت سے معیشت کا پہیہ رواں رکھنے کے لئے خون پسینہ ایک کردیتے ہیں یہی وجہ ہے کہ جن ممالک نے شاندار معاشی ترقی کی ہے ان کے پس پردہ ان ہی محنت کشوں کی کاوشیں نظر آتی ہیں کیونکہ وہ کسی بھی ادارہ کی ریڑھ کی ہڈی ہوتے ہیں،انہوں نے مزید کہا کہ آجر اور اجیر کے درمیان مثالی تعلقات کے ذریعہ ہی معاشی ترقی و خوشحالی کا حصول ممکن ہے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ اس ضمن میں حکومت ہر ممکن کوششیں یقینی بنانے کے لئے کوشاں ہے۔ ۔انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہمیں عزم کرنا چاہئے کہ محنت کشوں کو ہر سطح پر ان کا جائز مقام ملے ۔ گورنر سندھ نے مزید کہا کہ محنت کشوں کی حالت زار بہتر بنانے اور ان کو معاشرے میں اعلیٰ مقام دلانے کے لئےہر ممکن اقدامات تمام متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہیں